جنوبی ہند کی معروف اداکارہ شوبیتا شوانا نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، 32 سالہ شوبیتا کا تعلق کنڑ سے تھا، جو کہ متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوبیتا شوانا کی حیدرآباد کے گچی باولی میں واقع اپنے گھر سے لاش ملی ہے، لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے شک ہے کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے، اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اداکارہ کا تعلق ریاست کرناٹک سے تھا تاہم وہ شادی کے بعد گزشتہ دو سال سے حیدرآباد میں رہائش پذیر تھیں۔
خودکشی کی وجہ فوری پتہ نہیں چل سکی۔ پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اداکارہ کی اچانک موت پر ان کے ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل ایک اور واقعے میں بھارتی اداکارہ وزن کم کرنے کے چکر میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
اداکارہ مشتی مکھرجی گزشتہ کئی ماہ سے وزن کم کرنے کے لیے کھانے پینے میں احتیاط (ڈائیٹنگ) کررہی تھیں جس کی وجہ سے اُن کے گردے فیل ہوئے۔
ستائیس سالہ ادکارہ کو ایک روز طبیعت ناساز ہونے کے بعد بنگلور کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ پانی کا کم استعمال اور کھانے میں غفلت کی وجہ سے اداکارہ کے گردے فیل ہوئے جو اُن کی موت کی وجہ بنے۔