پشاور: خیبرپختون خواہ کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں ہمارے ساتھی اتحادی نہیں یہاں تحریک انصاف کی سولو حکومت ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ’مجھے کل بھی کرائے دار ہونے کا طعنہ دیا گیا جبکہ میں کبھی کسی کا کرائے دار نہیں رہا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’صوبائی حکومت قبائل عوام کی تعمیر و ترقی چاہتی ہے، قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’میں سرکاری اسکول میں ٹاٹ پر پڑھ کر آیا ہوں،لندن سے پڑھ کر آنے والو ں کو اللہ اور توفیق دے’۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کسی علاقے کی نہیں بلکہ صوبے کی بات کرنی چاہیے، کے پی میں ہمارے ساتھی کوئی اتحادی نہیں، یہاں تحریک انصاف کی سولو حکومت ہے‘۔
شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر کوئی رکن اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا چاہتا ہے تو اُس کو بیٹھنے کی اجازت ہے‘۔