کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے دکاندار کو جان سے مار دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک دکاندار کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر دکان کے اندر ہی قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ خان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پانچ بچوں کا باپ اور پچھلی گلی میں ہی رہائش پذیر تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی اس دوران سپر ہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس نے ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا اس موقع پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
کورنگی میں پولیس مقابلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار
ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم عمر کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون برآمد ہوا ہے،مقابلے میں پولیس کانسٹیبل یعقوب موٹرسائیکل سلپ ہونے سے زخمی ہوا، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔