لاہور: پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کےاسپتالوں میں بے ہوش کرنے کے ڈاکٹر تعینا ت نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے پچاس فیصد سے زائد اسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس کے سبب مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ صوبے کے پچاس فیصد سے زائد اسپتالوں میں مریضوںکو بے ہیوش کرنے کے لیے کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے اس مسئلے کا حل یوں نکالا کہ نرسوں اور پیرامیڈیکس سے انستھیسیا اسپیشلسٹ کا کام لیا جارہا ہے، اور اس کے سبب روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں آپریشن متاثر ہورہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے نجی اسپتالوں سے فی آپریشن فیس پر بے ہوش کرنے کے ڈاکٹر ہائر کرنے کی کوشش کی تاہم یہ بھی ناکام رہی اور مریضوں کو ضروری آپریشنوں کے لئے بھی کئی کئی ماہ انتظار کرنا پڑرہا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بے ہوش کرنے کے ماہر ڈاکٹروں سے بھاری معاوضے بطور رشوت لے کر بھی انہیں اسپتالوں میں تعینا ت نہیں کیا جارہا ہے۔