ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل فور مرحلے کا افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا میچ میگا ایونٹ کی تاریخ کا مختصر ترین سیمی فائنل بن گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تاہم اس کے ساتھ ہی اس میچ کو ایک اہم اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔
یہ میچ ٹی 20 ورلڈ کپ کی 17 سالہ تاریخ کا اب تک سب سے مختصر ترین سیمی فائنل بن گیا ہے، جس کا فیصلہ محض 20.4 اوورز (124 گیندوں) میں ہوگیا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے تباہ کن ثابت ہوا اور پوری ٹیم ریت کی دیوار کی طرح صرف 55 رنز پر ڈھے گئی۔ صرف عظمت اللہ اورزئی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکی اور 10 رنز بنا پائے۔
افغانستان کی پوری ٹیم نے 71 گیندیں کھیل کر 55 رنز بنائے جب کہ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف ایک وکٹ کھو کر صرف 53 گیندیں کھیل کر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل مختصر تین سیمی فائنل 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا تھا جس کا فیصلہ 203 گیندوں میں ہوا تھا۔