اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حج کوٹہ کیس میں نئے ٹور آپریٹر کو کوٹہ نہ دینے کی درخواست پر وزارت مذہبی امور کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جبکہ اٹارنی جنرل کو بطور پراسیکیوٹر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حج کوٹہ کیس کی سماعت کی، عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حکومت نے نئے ٹور آپریٹر کو حج کوٹہ نہیں دیا، درخواست نئے حج ٹور آپریٹرز کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ابھی حال ہی میں سپریم کورٹ نے حج ٹور آپریٹرز کی اپیل منظور کرتے ہوئے حکومت کی نئِ حج پالیسی مسترد کر دی اور ٹور آپریٹر کو برابر کی بنیاد پر یعنی 50 فیصد کوٹہ دینے کا حکم جاری کیا گیا جن میں نئے ٹور آپریٹرز کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
لیکن حکومت نے حج کوٹہ کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد نہیں کیا، ٹور آپریٹرز کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت وزارت مذہبی امور کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد نہ کرنے پر توہین عدالت قانون کے تحت کارروائی کرے۔