پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے امتحان میں کنٹرولرمالاکنڈبورڈ کے بیٹے کو نقل میں سہولت فراہم کرنیوالے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختوںخواہ محمود خان نے امتحان میں کنٹرولرمالاکنڈبورڈ کے بیٹے کی جانب سے نقل کا نوٹس لے لیا اور امیدوار کو نقل میں سہولت فراہم کرنیوالے امتحانی عملے کو شو کاز نوٹس کردیا۔
شوکاز نوٹس میں مذکورہ عملے کو فرائض سے غفلت اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ، عملے میں ایگزامینشن سینٹرکے سپرنٹنڈنٹ ہمایون خان اور نگران رحمت علی شامل ہیں۔
شوکاز نوٹس میں دونوں کو 15دن کے اندر تسلی بخش جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کہا امتحانی ہال میں عملےکی سر پرستی میں نقل کرانے کا معاملہ شرمناک ہے، اس واقعے سے محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت کی بدنامی ہوئی ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ ملوث تمام کرداروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، معاملےمیں ملوث کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، موجودہ حکومت شفافیت، میرٹ کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔