ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

شوبز ستارے شعیب اختر کی حمایت میں سامنے آگئے

اشتہار

حیرت انگیز

قومی ٹیم کے لیجنڈ فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ غلط رویے پر سرکاری ٹی وی کے میزبان نعمان نیاز کے خلاف اور شعیب اخترکی حمایت میں شوبز ستارے بھی سامنے آگئے۔

شوبز اداکار و گلوکاروں نے شعیب اختر کی حمایت میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹس کیں۔

سینئر اداکار ہمایوں سعید نے شعیب اختر کی حمایت میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز کو سابق اسپیڈ اسٹار سے معافی مانگنی چاہیے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ ٹی وی شوز کے دوران جھگڑے ہوتے ہیں لیکن کوئی میزبان اپنے مہمان کو جانے کو نہیں کہتا، یہ کسی بھی مہمان سے گفتگو کرنے کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو ہوا سو ہوا لیکن اب ڈاکٹر نعمان کو کم از کم شعیب اختر سے معافی مانگنی چاہیے۔

عدنان صدیقی نے لکھا کہ لائیو شو میں شعیب اختر کی جانب سے دکھائے جانے والے رویے نے مجھے متاثر کردیا ہے۔

اداکار نے لکھا کہ ’اس نے اپنے اوپر لگنے والی توہین کو بڑی پختگی اور صبر سے سنبھالا، کوئی اور ہوتا تو آن ایئر اپنے جذبات کھو بیٹھتا لیکن اس بندے نے اپنا وقار برقرار رکھا جو بلاشبہ اچھی پرورش کی نشانی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اگر نعمان نیاز کو شعیب اختر کی رائے سے اتفاق نہیں ہے تو انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ مہمانوں کی تذلیل کریں۔

گلوکارہ مومنہ مستحسن نے لکھا کہ ’شعیب اختر نے پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، شعیب اختر کی عزت پاکستانی اور عالمی مداح کرتے ہیں، وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے ٹرانسمیشن کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے حارث رؤف کی تعریف کی تھی جس پر میزبان بھڑک اٹھے اور شعیب کو شو سے جانے کا کہہ دیا۔

اینکر نے شاہین آفریدی کا ذکر کیا تو شعیب نے انہیں ٹوکا، میزبان اینکر آن ایئر شعیب کو شو سے جانے کا کہا جس پر شعیب نے سرکاری ٹی وی شو سے علیحدہ ہونے کا اعلان کردیا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ لیجنڈز کے سامنے شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں