عرب اتحاد نے سعودی عرب کی جانب فائر کیے گئے بارودی ڈرون کو فضا میں تباہ کر کے ایئرپورٹ کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے حملہ آور ڈرون طیارے کو دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کر دیا تاہم تباہ شدہ ڈرون کے ٹکڑے ایئرپورٹ احاطہ میں گرنے سے 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون کو تباہ کر کے حوثیوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں دیگر ممالک کے شہری بھی شامل ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واقعے کے بعد ضروری احتیاطی تدابیر اور سیکورٹی اقدامات کی کر کے فضائی آپریشن کو بحال کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ابہا ایئرپورٹ مملکت کے جنوب میں یمنی سرحد کے قریب واقع ہے جسے باغیوں کی جانب سے متعدد بار ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا جا چکا ہے جب کہ مستعد عرب اتحاد نے بروقت کارروائی کر کے کئی حملوں کو ناکام بھی بنایا ہے۔