ممبئی: بالی وڈ فلم فرنچائز ’گول مال‘ سے شہرت پانے والے نامور اداکار شریاس تلپڑے و دیگر 14 افراد کے خلاف چٹ فنڈ اسکیم کے ذریعے مالی فراڈ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شریاس تلپڑے بالی وڈ کی متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئے جن میں مقبول فلم فرنچائز ’گول مال‘ اور ان کی ڈیبیو فلم ’اقبال‘ شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق شریاس تلپڑے و دیگر ملزمان ایک کمپنی چلا رہے تھے جس کے ایجنٹوں نے گاؤں والوں سے وعدہ کیا کہ ان کی سرمایہ کاری مختصر وقت میں تقریباً دوگنی ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شریاس تلپڑے نے اپنی موت کی افواہوں پر کیا کہا؟
پولیس حکام نے بتایا کہ کمپنی نے اچانک اپنا آپریشن بند کیا اور متاثرین کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگئی، کمپنی کی اسکیم پچھلے 10 سالوں سے چل رہی تھی۔
تقریباً 30 متاثرین نے پولیس حکام کو بتایا کہ کمپنی کا دفتر تقریباً 10 سال قبل ریاست اتر پردیش کے علاقے منوہر گنج میں کھولا گیا تھا جہاں للت برانچ منیجر تھا، کمپنی کے ایجنٹوں نے کم وقت میں روپیہ دوگنا کرنے، ایف ڈی، آر ڈی اور سوکنیا سمیت کئی اسکیموں کے نام پر سرمایہ کاری کی۔
جعلی اسکیم کے تحت لوگوں نے کروڑوں روپے جمع کروائے، وقت پورا ہونے پر جب کمپنی سے رقم مانگی گئی تو اس نے جواب دینا چھوڑ دیا اور پھر کمپنی بند کر دی گئی۔
اس سلسلے میں سمیر اگروال، ان کی بیوی ثانیہ، آر کے شیٹی، سنجے مدگل، شریاس تلپڑے، للت وشوکرما، دال چندر کشواہا، سنیل وشوکرما، سچن ریکوار، کمل ریکوار، سنیل کمار، مہیش رکوار، راجہ ناہن سنگھ، مویش ریکوار اور راجپوت سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
یاد رہے کہ شریاس تلپڑے پر پہلے بھی مالی فراڈ کا الزام عائد ہے اور اداکار کے خلاف لکھنؤ اور سونی پت میں مقدمات درج ہیں۔