ممبئی: بالی وڈ کی معروف شخصیت کمل ہاسن کی صاحبزادی اداکارہ شروتی ہاسن نے شراب نوشی سے متعلق انکشاف کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق شروتی ہاسن نے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اکثر شراب پیتی تھی لیکن اب اسے چھوڑے ہوئے 8 سال ہوگئے۔
شروتی ہاسن نے کہا کہ کسی پارٹی میں لوگوں کا سامنا کرنا اُس وقت زیادہ مشکل ہو جاتا ہے جب آپ شراب نوشی نہ کرتے ہوں، لیکن مجھے اس عادت کو ترک کرنے کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہی بہتر ہے کہ میں اس بارے میں پرہیز گار رہوں، یہ زندگی کا ایک مرحلہ ہو سکتا ہے یا پھر آپ اسے باقی زندگی کیلیے پسند بھی کر سکتے ہیں۔
37 سالہ اداکارہ نے کہا کہ شراب نوشی میری زندگی میں سب سے اہم چیز ہوا کرتی تھی لیکن اس نے مجھے کچھ نہیں دیا، میں ہمیشہ دوستوں کے ساتھ نشہ کرنا چاہتی تھی، میں نے ایسے لوگوں سے دوری اختیار کی جو اکثر پارٹی کرنے کا مشورہ دے کر مجھے نشے میں رکھنا چاہتے تھے۔
شروتی ہاسن کو آخری بار تیلگو زبان کی فلم ’Hi Nanna‘ میں کیمیو کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس میں نانی اور مرنل ٹھاکر تھے۔