راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں ان کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ دلیرانسان تھے، اُن کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ نے عظیم مقصد کے لئے قربانی دی۔ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ اقدام سے ہمارے عزائم ڈگمگا نہیں سکتے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں تک پہنچنےکےلئےانٹیلی جنس ایجنسیاں تمام وسائل بروئےکارلائیں، واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ آج اٹک میں ہونے والے خود کش حملے میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
شجاع خانزادہ کی شہادت پر وزیر اعظم نواز شریف صدر پاکستان ممنون حسین، سابق صدر آصف علی زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیاہے۔