راولپنڈی : کاؤنٹر رازم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی پنجاب نے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے میں ملوث دہشت گرد قاسم معاویہ کا مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے قاسم معاویہ کا چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر راولپنڈی ڈیوٹی جج شاہد حمید چوہدری کی عدالت میں سیکیورٹی کے سخت ترین ایصار میں پیش کیا ۔
سی ٹی ڈی نے دوران ریمانڈ ملزم کے انکشافات اور اس پر کی گئی کاروائی سمیت دیگر دہشت گروں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی اور مزید 30روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا ۔
سی ٹی ڈی کے پرچہ ریمانڈ کے مطابق ملزم کے انکشاف پر سی ٹی ڈی نے ملا منصور چیک پوسٹ کے علاقے میں دہشت گرد امجد کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے شجاع خانزادہ پر خود کش حملہ کرنے والے دہشتگرد معاذ کے سر کے بال اور بستر کی چادر سمیت دھماکہ خیز مواد اور ڈیوٹونیٹرز برآمد کرکے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائے گئے۔
سی ٹی ڈی نے پرچہ ریمانڈ میں بتایا کہ شجاع خانزادہ پر حملے میں ملوث چار دہشت گرد فیض، امجد، صدام اور صداقت لاہور میں مقابلے کے دوران مارے گئے ہیں۔
فاضل عدالت نے شجاع خانزادہ پر خود کش حملے میں ملوث ما سٹر مائنڈ قاری سہیل،عمران،نیاز ،اویس ،ستار ،ظہیر طلحہ چھ دہشت گردوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ مقدمے کی مزید سماعت 27اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔