20.8 C
Dublin
اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

عمران خان کا یہ بیان کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا: چوہدری شجاعت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم عمران خان کو مشیروں اور ترجمانوں سے محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

سینئر سیاست دان چوہدری شجاعت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان کو کہہ رہا ہوں، وہ مشیروں اور سیاسی ترجمانوں کی غلط ایڈوائس سے خبردار رہیں۔

انھوں نے کہا عمران خان کو مشیر کوئی ایڈوائس دیتے ہیں تو اس میں کوئی اینگل ہوتا ہے، مشیر اپنی سوچ کے مطابق چیزیں اچھالتے ہیں، لیکن نقصان صرف عمران خان کو ہوتا ہے، اس لیے وزیر اعظم دیکھیں کہ مشیر کس کی گیم کیسے اور کیوں کھیل رہے ہیں۔

- Advertisement -

چوہدری شجاعت نے کہا عمران خان نے بیان میں کہا مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا، اس لیے میڈیا میں آ کر بولتا ہوں، انھوں نے کہا مجھے ہٹایا گیا تو پہلے سے زیادہ خطرناک بن جاؤں گا، عمران خان کا یہ بیان کسی دشمن نما دوست نے ہی دیا ہوگا، عمران خان کو بولنے نہیں دیا جاتا تو مراعات یافتہ ارکان گونگے بہرے ہیں؟ وہ کیسے دوسروں کو عمران خان کے خلاف بولنے دیتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا ہم بیان کی درستی کے لیے کہتے ہیں تو ان پڑھ مشیر کہتے ہیں ان سے نرم رویہ اختیار نہ کریں، اصل بات مشیروں کو پتا ہوتی ہے لیکن وہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں کہ مطلب کے مطابق گائیڈ کریں۔

چوہدری شجاعت نے کہا وزیر اعظم کو چاہیے جو مخلص ہیں ان کے مشورے کو غور سے سنیں، اپنے مخلص کو اپنا دشمن نہ سمجھیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان آج کل مہنگائی سے متعلق بیان دے رہے ہیں، مختلف جگہوں سے کہا جا رہا ہے وہ مہنگائی اور معیشت خراب کرنے کے ذمے دار ہیں، لیکن مشیر یہ نہیں بتاتے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھائی جاتی ہے تو فائدہ ذخیرہ اندوزوں کو ہوتا ہے، ذخیرہ اندوز سستا پیٹرول ڈبل قیمت میں فروخت کرتے ہیں، اس طرح کی سیکڑوں مثالیں ہیں جن سے ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں