سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے خلاف حریت پسند رہنماؤں کی اپیل پر پورے کشمیر میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند جماعتوں کی جانب سے کی گئی اپیل پر مکمل ہڑتال جاری ہے اس موقع پر تمام اسکول، کالجز، کاروباری مراکز اور دفاتر احتجاجآ بند ہیں جب کہ مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک ناپید ہے اور لوگوں نے اپنی سرگرمیوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے۔
شٹرداؤن ہڑتال ایک خاتون اورایک بچے سمیت چارکمشیریوں کی شہادت کے بعد حریت پسند رہنماؤں کی کال پرکی گئی اور کامیاب ہڑتال نے ثابت کردیا کہ قابض بھارتی افواج کے مظالم کے کشمیریوں کی جرات و ہمت کو پست نہیں کرسکتے اور کشمیری اپنے حق آزادی کے لیے جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم مصمم کیے رکھے ہیں۔
کشمیری میڈیا کے مطابق اس وقت سری نگر میں دکانیں، بازاراورمارکیٹیں مکمل بند جب کہ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے اسی طرح مقبوضہ کشمیر کے دیگرشہروں اورقصبوں میں بھی ہڑتال کے باعث ہُو کا عالم ہے۔
ہڑتال کے پیش نظرمقبوضہ وادی میں بھارتی فوج اورپولیس کی تعدادمیں اضافہ کردیا گیا ہے اورانہیں گشت کی ہدایت دی گئی ہے ان تمام اقدامات کے باوجود ہڑتال کو ناکام نہیں بنایا جا سکا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزانت ناگ میں بھارتی فوج نے کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر مقامی شہریوں پر فائرنگ کر کے ایک خاتون اور ایک بچے کو شہید کردیا تھا۔