سکھر میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ عوام کو ریلیف نہ دینے کی صورت میں مستقل ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔
تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نائب صدر، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں احتجاجی ریلی بکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں، صرافہ بازار، شاہی بازار، کپڑا مارکیٹ، نشتر روڈ، اناج بازار، پان منڈی سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر مہنگائی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے قائم احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز نامنظور، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، آئی ایم ایف کی شرائط نامنظور کے بلند شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی ریلی اور احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نائب صدر اور سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب صدر اسداللہ بھٹو، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قربان ملانو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کو اقتدار سے نیکالنے کا وقت آگیا ہے ان کے ظلم و ستم کی وجہ سے 24 کروڑ پاکستانی ناجائز بجلی کے بل، پیٹرولیم مصنوعات کی ہوشربا قیمتیں، اشیاءخور و نوش کی آسمانوں سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔
رہنماﺅں کا مزید کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقہ اپنے گھروں کی اشیاء بیچ کر بجلی کے بل ادا کر رہی ہے، بجلی کے بلوں میں ایسے ٹیکسز لگا دیے گئے ہیں جن کا بجلی کے بلوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، لمحہ فکریہ تو یہ ہے کہ غلام حکمران بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کیلیے آئی ایم ایف کے سامنے جھک رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تاجر، وکلاء، سول سوسائٹی اور عوام اپنے حقوق کیلیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہے کہ مہنگائی کے طوفان سے جان چھڑانے کیلیے ان حکمرانوں سے جان چھڑوانی پڑیگی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ نگراں حکومت کو قیمتوں میں اضافے کا کوئی اختیار نہیں لیکن وہ اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ایما پر پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکھر کی تاجر برادری نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلیے آواز بلند کی ہے اگر حکمرانوں نے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف نہیں دیا تو یہ شٹر ڈاﺅن ہڑتال مستقل بھی کی جائے گی، ہم مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ساتھ ہیں اگر انہوں نے اسلام آباد میں دھرنے کی کال دی تو سکھر کے تاجر اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔