کراچی: ٹریفک پولیس کراچی نے صدر کے علاقے میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اورسٹی گورنمنٹ کے تعمیر کردہ پارکنگ پلازہ کو مستعمل بنانے کے لئے شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شٹل سروس پارکنگ پلازہ سے صدرکے مختلف علاقوں کے لئے چلائی جائے گی اور پارکنگ پلازہ استعمال کرنے والے افراد اس سروس سے بلامعاوضہ مستفید ہوسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں آگاہی کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محمکہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کی جانب سے صدرمیں بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شہرقائد کے مرکزی علاقے صدر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس سے قبل صدرکی مختلف شاہراؤں پر ناجائز تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا تھا اورسڑک کنارے سے ریڑھیاں اورپھتارے ہٹائے گئے ہیں۔
ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ کوریڈورتھری پر11 فلورزپر مشتمل پارکنگ پلازہ 650 ملین روپے کی لاگت سے 2009میں تیار کیا گیا تھا۔
پارکنگ پلازہ میں 700 گاڑیوں اور500 موٹرسائیکلوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے اور حفاظت کے لئے کیمرہ سرویلینس کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔