ممبئی: مشہور بھارتی ڈرامہ سیریل ’کسوٹی زندگی کی‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ شویتا تیواری نے وشال آدتیہ سنگھ کے ساتھ تیسری شادی کی وائرل تصاویر پر خاموشی توڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویسے تو شویتا تیواری نے کئی ڈراموں میں کام کیا ہے لیکن انہیں زیادہ مقبولیت ’کسوٹی زندگی کی‘ سے ملی۔ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے علاوہ وہ ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی ہمیشہ موضوع بحث بنتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شویتا تیواری نے سابق شوہر سے 11 سال بعد طلاق لینے کی وجہ بتا دی
شویتا تیواری نے پہلے راجہ چوہدری اور پھر ابھینو کوہلی سے شادی کی لیکن بدقسمتی سے یہ دونوں شادیاں ناکام ثابت ہوئیں اور طلاق پر ان کا خاتمہ ہوا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر وشال آدتیہ سنگھ سے شادی کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد شویتا تیواری کے مداح حیران رہ گئے، مگر تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی ہیں۔
اگرچہ اداکارہ نے اس معاملے پر خاموش رہنا بہتر سمجھا لیکن آخر کار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجھے سوشل میڈیا پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کی کوئی پرواہ نہیں۔
کیریئر کے ابتدائی سالوں میں انہوں نے کہا تھا کہ کچھ ایسے صحافی ہیں جو اداکاروں کے بارے میں منفی کہانیاں شائع کرنے میں زرا بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔
افواہوں پر اپنے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ آج کی تیز رفتار دنیا میں لوگ سوشل میڈیا پر اس قدر مصروف ہیں کہ توجہ کا دورانیہ کم ہوگیا ہے، اس لیے لوگ زیادہ دیر تک کسی ایک موضوع پر توجہ نہیں دیتے۔
اسی بات چیت کے دوران شویتا تیواری نے اپنی تیسری شادی کی افواہوں پر مزاحیہ انداز میں ردعمل کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہر سال میری نئی شادی ہو رہی ہے، میں پہلے ہی انٹرنیٹ پر تین شادی کر کے بیٹھی ہوں‘۔
شویتا تیواری اور وشال آدتیہ سنگھ پہلی بار ’خطروں کے کھلاڑی 11‘ کے سیٹ پر ملے تھے اور اچھے دوست بن گئے۔ اداکارہ اکثر وشال کو اپنا بیٹا کہتی ہیں۔