لاہور: پنجاب کے وزیرقانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ میں گرفتار ہونے والے کسی بھی ملزم کو ضمانت پر رہائی نہیں ملی مگر 62 افراد کو عدم ثبوت کی بنیاد پر رہا کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیرقانون نے سانحہ سیالکوٹ کی پیشرفت سے متعلق پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ واقعے کے بعد شک کے الزام میں 182 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے 62 کو عدم ثبوت کی بنیاد پر جیل سے رہا کردیا گیا جبکہ 18 افراد کو عدالتی حکم پر جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے کسی بھی شخص کو ضمانت پر رہا کیا اور نہ ہی ملزمان نے درخواست دائر کی، تفتیشی ٹیم تیس دن میں اپنا کام مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کردے گی۔
مزید پڑھیں: سیالکوٹ واقعہ: وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرلیا
یہ بھی پڑھیں: سانحہ سیالکوٹ کی جدید ٹیکنالوجی مدد سے تحقیقات جاری ، بڑا کریک ڈاؤن متوقع
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایسے معاملات پر سنجیدگی سے سوچنا اور روک تھام کے لیے تجاویز دینا ہوں گی، سانحہ سیالکوٹ کے ذمے داروں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگاری کسی شخص کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ میں واقع لیدر فیکٹری میں کام کرنے والے غیرملکی مینیجر پریانتھا کو ملازمین نے توہین مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا اور پھر لاش کو چوک پر نذر آتش کردیا تھا۔