سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں بربریت کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں معمر خاتون کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں زمین کے تنازعے پر معمر خاتون پر وحشیانہ تشدد کیا گیا، دلخراش واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سنگ دل شخص سرعام معمر خاتون پر تشدد کررہا ہے اور اسے بالوں سے پکڑ کر گلیوں میں گھسیٹا جارہا ہے، ستم ظریفی یہ کہ سفاک شخص کے ساتھ موجود دو خواتین بھی معمر خاتون پر لاتیں اور جوتے ماررہی ہے۔
لاتوں اور جوتوں سے ان دونوں خواتین کا دل کی بھڑاس نہ نکلی تو انہوں نے معمر خاتون پر ڈنڈے بھی برسادئیے، ظلم کی انتہا یہ ہے کہ واقعے کی ویڈیو کئی لوگوں نے بنائی مگر کسی نے نہ تو تشدد کرنے والے افراد کو روکا اور خاتون کو مکمل طور پر ان درندوں کے ہاتھوں پٹنے دیکھتے رہے اور ویڈیو بناتے رہے
یہ بھی پڑھیں: قصور میں گھریلو ملازمہ مالکان کے مبینہ تشدد سے جاں بحق
اس سے قبل گذشتہ سال دسمبر میں قصور کے علاقے پھول نگر کی آٹھ سالہ گھریلو ملازمہ مصباح کو گوجرانوالہ میں مالکان نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔
مصباح کے والد نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ بیٹی محمد عثمان کے گھر کام کرتی تھی، مالکان نے اسے تشدد کرکے مار ڈالا۔