بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

حکومت ملک میں نظام مصطفیٰ نافذ کرے، پیر حمید الدین سیالوی کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد: پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت سے مطالبہ  کیا ہے کہ ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ کیا جائے کیونکہ پاکستان مشائخ عظام کی کوششوں سے وجود میں آیا۔

فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ سیاست یا ووٹوں کی بات کرنے نہیں بلکہ ختم نبوت ﷺ کی بات کرنے یہاں پر آئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ختم نبوت کے ایمان پر یقین رکھتے ہیں اور نبی کی ناموس کی خاطر یہاں جمع ہوئے ہیں، ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا مگر 70 سال گزر جانے کے بعد اسلام کا نام نہیں لیا جاتا۔

حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ملک بناتے وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ ہوگا مگر ابھی تک یہ نہ ہوسکا، حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر ملک میں نظامِ مصطفیٰ نافذ کرے۔

ملک جام کرسکتے ہیں، ڈاکٹر آصف جلالی

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ ’ختم نبوت کا پرچم بلند کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، حمید الدین سیالوی اگر حکم دیں تو شام میں ملک جام کرسکتے ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی کالونی نہیں ہے، جس شخص نے بھی ختم نبوت کے قانون میں قدغن لگانے کی کوشش کی اُسے نہیں چھوڑا جائے گا، ختم نبوت کے معاملے پر اقتدار کو ٹھوکر مارنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے اراکین کے استعفے

مسلم لیگ ن کے دو قومی اور تین صوبائی اسمبلی کے اراکین نے کانفرنس میں مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا اور اپنے استعفے حمید الدین سیالوی کو جمع کروائے۔

خاتون رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور ڈاکٹر نثار جٹ نے استعفیٰ دیا۔

مزید پڑھیں: ختم نبوت کا معاملہ، ن لیگ کوبڑادھچکا،5 اراکین اسمبلی مستعفی

اس موقع پر غلام بی بی بھروانہ کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ پرجان بھی قربان ہے، تحریک میں ساتھ رکھنے پرپیرحمیدالدین سیالوی کاشکریہ ادا کرتی ہوں، نبی اور مشائخ کے لیے جان قربان کرسکتی ہوں۔

ڈاکٹر نثار جٹ کا کہنا تھا کہ ’مشائخ عظام کے رابطہ کرنے پر میں نے لبیک کہا، ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنے کا پختہ ارادہ کرلیا تھا، اپنی آئندہ کی سیاست کا فیصلہ حمید الدین سیالوی پر چھوڑتا ہوں۔

اراکین پنجاب اسمبلی

نظام الدین سیالوی، محمد خان بلوچ اور رحمت اللہ نے استعفے دینے کا اعلان کیا۔

ایم پی اے صاحبزادہ غلام الدین سیالوی نے کانفرنس میں اعلان کیا کہ ’ختم نبوت کے معاملے پر استعفیٰ دینا میرے لیے سعادت ہے اور اس معاملے پر اپنی ہزار سیٹیں قربان کرسکتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا مستعفیٰ ہوں، مزید گدی نشین کا سیالوی کی حمایت کا اعلان

رکن پنجاب اسمبلی دوست محمد کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایک دو وزراء نہیں بلکہ پوری حکومت سے استعفیٰ لینا چاہیے، ختم نبوت کے مسئلے پر حکومت کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔

ایم پی اے محمد خان بلوچ کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کی توہین کرنے والوں کے استعفے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، حکومت فوری طور پر حمید الدین سیالوی کے تمام مطالبات قبول کرے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں