کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے کئی کھلاڑی بدلتے موسم کے ساتھ بیمار ہوگئے، کئی کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے جن میں سے اب تک 5 کھلاڑیوں کا رزلٹ منفی آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنے والے کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار ہوگئے جس کے بعد کھلاڑیوں اور براڈ کاسٹنگ ٹیم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان ٹیم کے وکٹ کیپر بسم اللہ خان کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے، بسم اللہ خان کو بخار اور کمزوری کے باعث ڈرپ لگائی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ بخار کے باعث گھر چلے گئے تھے۔
ٹورنامنٹ کے متعلقہ افراد کے لیے قائم کردہ بائیو سیکیور ببل سے باہر ہونے کے باعث کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اب تک 5 کھلاڑیوں کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آچکی ہے۔
براڈ کاسٹرز میں شامل ایک آفیشل کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد احتیاط کے طور پر کچھ براڈ کاسٹرز کو کام سے روک دیا گیا۔