راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے سینئررہنما و صدیق الفاروق کے انتقال کرگئے مرحوم گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات، سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پریس سیکریٹری، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے سابق چیئرمین و متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق طویل علالت کے بعد وفات پا گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی نماز جنازہ (کل) بروز پیر 16 دسمبر 2024 کو صبح 11 بجے ایچ الیون اسلام آباد کے قبرستان میں ہو گی۔
صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری اورچیئرمین متروکہ وقف املاک بھی رہے، صدیق الفاروق نے 3 سال جیل بھی کاٹی جبکہ وہ ایک کتاب کے بھی مصنف تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدیق الفاروق کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صدیق الفاروق پختہ نظریات اور وفا کا پیکر تھے، صدیق الفاروق نے مشکل ترین حالات میں آمریت کا مثالی جرات سے مقابلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا صدیق الفاروق نے قیدکی مشکلات جھیلیں لیکن نواز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بننے سے انکار کیا، صدیق الفاروق بنیادی طورپرقلم کار مجاہد تھے اور عمر بھریہی اوڑھنا بچھونا رہا، ان کی وفات صحافت، سیاست اور شرافت کا بڑا نقصان ہے۔
دوسری جانب ن لیگ کے سابق ایم پی اے ملک غلام رضا انتقال کر گئے، ملک غلام کی نماز جنازہ کل دن 11 بجے ادا کی جائے گی، نماز جنازہ سابق سینیٹر چوہدری تنویر کی اسکیم تھری میں رہائش گاہ پر ادا ہوگی۔