ممبئی : بھارتی فلموں کے اداکار سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے شادی کی افواہوں کی تردید کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار سدھارتھ ملہوترا نے بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے افواہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہماری شادی کی عمر نہیں کیونکہ آج کا تیس سال کا نوجوان ماضی کی بیس سال کے نوجوان کے برابر ہے، اورابھی تو ہم جوان ہیں اور فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔
دوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ وہ شادی کیلئے اپنے آپ کو بہت کم عمر سمجھتی ہیں۔
عالیہ بھٹ نے اپنی تازہ گفتگو میں کہا کہ وہ شادی کیلئے بہت چھوٹی ہیں۔ اس لئے انہوں نے شادی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا ، ان کی تمام تر توجہ صرف کیریئر پرمرکوز ہے اور وہ خود کو بہترین اداکارہ ثابت کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ان کی شادی کی افواہیں پھیلا کر مداحوں کو گمراہ کرتا ہے وہ جب بھی شادی کا ارادہ کریں گی خود منظر عام پر آکر اس بات کا اعلان کرینگی۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا گزشتہ دنوں اس وقت بھارتی میڈیا کی خبروں کی زینت بنے جب سدھارتھ ملہوترا اور ان کی فیملی کے ہمراہ عالیہ بھٹ نے ڈنر کیا اور ان کے ساتھ کافی وقت بھی گزارا۔