بھارتی میڈیا نے گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے تانے بانے پاکستان سے جوڑنے شروع کردیے۔
انڈین ایکسپریس نے پولیس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی پنجاب میں گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے لیے ہتھیار پاکستان سے بذریعہ ڈرون بھیجے گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہتھیاروں میں آٹھ دستی بم، ایک انڈر بیرل گرنیڈ لانچر، نو الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور اے کے 47 شامل تھے۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا 29 مئی کو پنجاب کے مانسا ضلع کے ایک گاؤں سے اپنی کار میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ جا رہے تھے کہ ملزمان نے ان کا پیچھا کیا اور فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔
مزید پڑھیں: سدھو موسے والا کو کس نے قتل کیا؟ گینگسٹر بشنوئی نے آخرکار منہ کھول لیا
گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دہلی پولیس کی پوچھ گچھ میں اعتراف کیا تھا کہ اس کے گینگ ممبر نے موسے والا کو قتل کیا ہے۔
لارنس نے کہا تھا وکی مڈوکھیڑا اس کے بڑا بھائی جیسا تھا ہمارے گروپ نے چندی گڑھ میں کالج کے زمانے سے ہی اس کی موت کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہوا تھا، اس نے کہا لیکن اس بار یہ کام میرا نہیں، کیوں کہ میں مسلسل تہاڑ جیل نمبر 8 میں بند ہوں اور فون کا استعمال بھی نہیں کر رہا۔
لارنس کے اعترافی بیان سے واضح ہوا تھا کہ بشنوئی گینگ کو جیل کے باہر سے چلانے والا سچن بشنوئی بھی اس سازش میں ملوث تھا۔