کراچی : ڈیفنس کے علاقے سے اغوا نوجوان مصطفیٰ کیس کے ملزم ارمغان کے ریمانڈ حاصل کرنے کی تیاری کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں درخشاں کے علاقے سے نوجوان مصطفیٰ عامرکے اغوا کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔
اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے ملزم ارمغان کے ریمانڈ حاصل کرنے کی تیاری کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ سے گرفتار ملزم ارمغان کی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتارملزم کے بنگلے سے مغوی مصطفیٰ عامرکا موبائل بھی ملا تھا، ارمغان کو جب گرفتار کیا گیا وہ نشے میں تھا اور متضاد بیانات دے رہا تھا تاہم مغوی مصطفیٰ عامر کی گاڑی بھی اب تک برآمد نہیں کی جا سکی۔
گذشتہ روز نسدادِ دہشت گردی عدالت میں ڈیفنس کے علاقےسےاغوانوجوان مصطفیٰ کیس کی سماعت ہوئی تھی ، ملزم ارمغان کودوبارہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت نے پولیس کے ملزم ارمغان کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست ایک مرتبہ پھر مسترد کردی تھی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئےجےآئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے گرفتار ملزم ارمغان کو 10 فروری کو جیل بھیج دیا تھا پولیس نے موقف اختیار کیا ملزم ارمغان کے گھر سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ، ملزم سے غیر قانونی اسلحہ سے متعلق علیحدہ تفتیش کرنی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی پولیس ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ سے 6 جنوری کو اغواء ہونے والے نوجوان مصطفیٰ کا تاحال پتا نہیں لگا سکی۔
پولیس ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود نوجوان مصطفیٰ کی بازیابی یا اُس کے زندہ یا مردہ ہونے کا پتہ نہیں لگاسکی ہے۔