سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے خالد مقبول کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں فیصلے کی گھڑی ہے ہمیں مخالفین کا مقابلہ ایک ہوکر کرنا ہوگا۔
متحدہ کنوینر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے فاروق ستار کو دوبارہ ایم کیو ایم میںشمولیت کی دعوت کا فاروق ستار نے بھی مثبت جواب دے دیا۔
کراچی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میرے دل میں کسی کے لیے کوئی عناد نہیں دل بڑا کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سے ملنے بہادر آباد چلا گیا، عامر خان سے ملاقات بھی اچھی رہی لیکن خالد مقبول مجھ سے نہیں ملے۔
میں اپنی تمام حمایت اور تعاون انکو دینے گیا تھا، میں خالد مقبول کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں کاش خالد مقبول اس دن مجھے اتنا بول دیتے کہ فاروق بھائی آپ بہادر آباد ائے اب میں آپ کو نہیں جانے دونگا۔
فاروق ستار نے خالد مقبول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آپ اور مجھے دور کررہے ہیں وہ ہمارے دشمن ہیں ہمیں مل کر طے کرنا ہوگا کہ مشکلات کے بھنور سے کیسے نکلیں، ہمارے درمیان تقسیم نہیں غلط فہمیاں ہیں جنکو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عہدے نہیں چاہئیں، رابطہ کمیٹی میں بھی نہیں آنا، میں ایم کیو ایم اور خالد مقبول کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں، آپ میرے تجرے سے فائدہ لیں، ناراض لوگوں کو ملانے کے لیے ہماری صلاحیتوں کا استعمال کریں۔
ماضی کے بدترین مخالف پی پی اور نواز لیگ جب ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو ہمیں بھی اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کا سلسلہ ترک کردینا چاہیے اور کم از کم آصف زرداری سے ہی سیکھ لینا چاہیے ۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال قبل خالد مقبول نے مجھے فون کرکے کہا کہ میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں اور میں ڈیڑھ سال سے خالد مقبول کے فون کا منتظر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری کوئی شرط نہیں بس تنظیم میں بگاڑ پیدا نہیں ہونا چاہیے، عوام کہہ رہی ہے کہ ہم کب ایک ہوں گے، اس وقت قوم اور شہری سندھ میں رہنے والے چاہتے ہیں کہ میں اور خالد مقبول ایک جگہ کھڑے ہوکر کہیں کہ ہمارے پاس یہ روڈ میپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ آرٹیکل ایک سو چالیس اے میں ایک تاریخی کامیابی ملی ہے، بلدیاتی خودمختاری صرف کراچی کا مسئلہ نہیں ملک بھر کے بائیس کروڑ عوام کا مسئلہ ہے۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ کل جو کچھ قومی منظر نامے میں ہوا، الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، اگلے منظر نامے پر نظر رکھنا ہوگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت ملک بیرونی خطرات سے دوچار ہے، طالبان نے افغانستان کی سرحد پر پاک فوج کے جوانوں کو شہید کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار اور انکے ساتھیوں کو دوبارہ ایم کیو ایم میں انے کی دعوت بھی دی تھی۔