جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

مریخ پر زندگی کے آثار مل گئے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ناسا کی جانب سے مریخ پر بھیجے گئے خلائی مشن نے وہاں ایک نامیاتی مرکب دریافت کیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ زندگی کے لیے لازمی جُز ہوسکتا ہے۔

جب سے سائنس نے ترقی کی ہے تب سے وہ زمین کے علاوہ کسی اور سیارے پر بھی زندگی کے آثار تلاش کرنے کی جستجو میں ہے اور اس کا سب سے بڑا ہدف مریخ ہے جہاں ناسا سمیت کئی ممالک مختلف خلائی مشن بھیج چکے ہیں تاہم وہاں زندگی ہے یا نہیں اس بارے میں کوئی حتمی رائے طے نہیں ہوئی اور بات مفروضوں سے آگے نہیں بڑھی لیکن اب اس حوالے سے مزید پیش رفت ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناسا کی جانب سے مریخ پر پرسرویرینس نامی روور (تحقیقی گاڑی نما جہاز) بھیجا گیا تھا جس کو بڑی کامیابی ملی ہے اور اس نے مریخ پر ایک ایسا نامیاتی مرکب دریافت کیا ہے جو اس سیارے پر زندگی کے لیے لازمی جُز ہوسکتا ہے۔

- Advertisement -

پرسرویرینس کے روبوٹ بازو پر لگے ’شرلاک‘ نامی آلے نے یہ دریافت کی ہے جو حقیقت میں حساس آلات کا ایک مجموعہ ہے۔ اس حوالے سے ایک سائنسی جریدے میں رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دریافت ہونے والا یہ مرکب پیچیدہ نامیاتی ارضی کیمیائی چکر کا حصہ ہے جسے پہلے ٹھیک سے سمجھا نہیں گیا تھا۔

اس نامیاتی مرکب کا تجزیہ کرنے والے ناسا کے ماہرین اور جامعہ فلوریڈا سے وابستہ ایمی ولیمز کا خیال ہے کہ ماضی میں یہاں کسی نہ کسی صورت میں زندگی موجود رہی ہوگی کیونکہ اس تجزیے میں ایسے آثار دیکھے گئے ہیں جو کسی مائع سے ہونے والے عمل کو ظاہر کرتے ہیں۔ اسی بنیاد پر کہا جا رہا ہے کہ اسی عمل سے مریخ پر نامیاتی مرکبات پیدا ہوئے ہوں گے۔ اس طرح یہ اہم اجزا مریخ پر ہماری توقع سے زیادہ طویل عرصے سے وہاں موجود ہیں۔

تاہم سائنسدان مریخ پر زندگی سے متعلق ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچیں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اب ضرورت ہے کہ مریخی مٹی اور پتھروں کے نمونے زمین پر لاکر ان کا مفصل تجزیہ کیا جائے تاہم یہ ایک مہنگا، صبر آزما اور طویل منصوبہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر ایمی کے مطابق وہاں کئی طرح کے نامیاتی کاربن دریافت ہوئے ہیں جو ایک مشہور گڑھے ’جیزیرو کریٹر‘ سے ملے ہیں جہاں پہلے گارا، کاربونیٹس اور سلفیت مل چکے ہیں جو اہم معدنیات ہیں۔ اب اسی جگہ پر ہمیں کاربن بھی مل گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں