بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم سکندر باکس آفس پر تہلکہ مچانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے تیسرے دن صرف 19.5 کروڑ روپے کمائے، جو کہ ریلیز کے پہلے دن کی کمائی کے مقابلے میں بہت کم تھے، فلم نے اتوار کو ریلیز ہونے کے بعد پہلے دن 26 کروڑ روپے کمائے تھے۔
فلم نے عید کے دن کچھ بہتری دکھائی اور 29 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی تھی، مگر بعد کے دنوں میں کمائی میں تیزی سے کمی واقع ہونا شروع ہوگئی، 3 دنوں میں فلم کی مجموعی کمائی 74.5 کروڑ روپے رہی۔
واضح رہے کہ فلم کا بجٹ 200 کروڑ روپے تھا، جس کے مقابلے میں ابتدائی کلیکشن توقعات سے کم ہے۔
سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی فلم ’سکندر‘ کی ریلیز کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا مگر باکس آفس پر فلم فلاپ ثابت ہوئی۔
بالی ووڈ فلموں کے تجزیہ کار ترن آدرش نے ’سکندر‘ کو صرف دو اسٹارز دیے تھے جبکہ کومل ناہاٹا نے کہا تھا کہ ’فلم کو نقصان پہلے ہی ہوچکا تھا جب یہ آن لائن لیک ہوگئی۔
اگرچہ سکندر کو عید کے خاص موقع پر سلمان خان کے بڑے تحفے کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن یہ فلم حالیہ ریلیز ہونے والی دیگر فلموں کے مقابلے میں کمزور ثابت ہوئی۔
وکی کوشل کی فلم چھاوا نے پہلے دن 31 کروڑ کا بزنس کیا تھا جس کے مقابلے میں سلمان کی سکندر 5 کروڑ کم کما سکی ہے۔
جیکولین فرنینڈس کے لئے بڑا صدمہ
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے پہلے دن 33 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا جسے سکندر پیچھے چھوڑنے میں ناکام رہی۔