جمعرات, اپریل 3, 2025
اشتہار

’’لوٹ آو پرانے سلمان بھائی‘‘ سکندر دیکھنے کے بعد دل شکستہ مداحوں کے تبصرے

اشتہار

حیرت انگیز

سلمان خان کی تازہ فلم سکندر باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد مداح دل شکستہ ہو گئے ہیں۔

بالی ووڈ باکس آفس پر فلم سکندر کی انتہائی مایوس کن آغاز کے سبب سلمان خان کے مداحوں میں شدید مایوسی دیکھی جا رہی ہے، دل شکستہ مداحوں کو پکارنا پڑا کہ ’’لوٹ آو پرانے سلمان بھائی۔‘‘

سکندر پر فلم ناقدین کی جانب سے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عید اور چھٹی یعنی اتوار کے دن ریلیز ہونے کے باوجود سلمان خان کی فلم باکس آفس پر ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ فلم کی ریلیز کے کچھ ہی دنوں بعد نہ صرف غیر جانب دار شائقین بلکہ سلمان خان کے چاہنے والے بھی اپنے پسندیدہ سپر اسٹار کے خلاف ہو گئے ہیں، اور انھیں فلم میں ناقص اداکاری پر پکار رہے ہیں۔

مداحوں نے سکندر کو ’سب سے بڑا مِس فائر‘ قرار دے دیا ہے، وہ تنقید کر رہے ہیں کہ سلمان خان کا ٹائٹل رول فلم میں ’سخت سست‘ اور ’بے جان‘ رہا۔ ایک پرستار نے لکھا لوٹ آؤ پرانے سلمان خان، بھائی میں آپ سے ہمیشہ کے لیے محبت کرتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر ایک اور مداح نے لکھا ’’سلمان خان کے پیارے پرستارو، ایمان داری سے بتاؤ — سکندر نڈیاڈ والا گرانڈ سن کی طرف سے سب سے بڑا مس فائر ہے۔ مزید کوئی بہانہ نہیں، کوئی زبردستی تعریف نہیں۔ ہمیں کمزور پروڈکٹ کا دفاع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ’’باقی جن کو گالی دینی ہو تو ڈی ایم اور کوٹ کر کے دے سکتے ہیں۔‘‘

ایک اور مداح نے طویل ردعمل دیتے ہوئے کہا ’’میں سلمان خان کو اس طرح دیکھنا پسند نہیں کرتا جس طرح وہ ٹریلر میں، گانوں میں نظر آتے ہیں۔ کسی کا بھائی کسی کی جان میں بھی انھیں دیکھنا مشکل تھا۔ سست، غیر دلچسپ، آدھا اے آئی، آدھا انسان۔ اہم جوڑی کے درمیان کوئی کیمسٹری نہیں ہے اور ایکشن کے لیے زبردستی کی کوشش اور بڑے مکالمے ہیں۔ ایک مداح کے طور پر میں درخواست کرتا ہوں کہ صرف بہترین فلم، بہترین اسکرپٹ اور بہترین ڈائیلاگز کا انتخاب کریں، ہمیں کہانی کی ضرورت ہے، ہمیں حقیقت پسندانہ اداکاری کی ضرورت ہے، ہمیں اسکرین پر آپ کی توجہ، آپ کی ایمانداری کی ضرورت ہے۔‘‘

ایک اور پرستار نے تبصرہ کیا ’’ہم چاہتے تھے کہ سلمان خان بہتر لوگوں کے ساتھ تعاون کریں، اور انھوں نے ایسا کیا بھی، نڈیاڈوالا گرانڈ سن انٹرٹینمنٹ، ڈائریکٹر مرگاڈوس، دل موہ لینے والی اداکارہ رشمیکا اور نغمہ نگار پریتم کو دیکھ کر ہم نے سکندر کا خیر مقدم کیا، لیکن بات ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے بعد اور بگڑ گئی۔ سلمان خان کی پرفارمنس میں ایک خاص قسم کی کرختگی ہے جو ان کے ہر سین میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔ ایک وقت تھا جب ان کی آنکھیں بولتی تھیں، کسی مشقت کے بغیر فطری انداز تھا، ایک توانائی دکھائی دیتی تھی، لیکن اب وہ سب غائب ہو چکے ہیں۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں