شکاگو: امریکہ میں ایک سکھ کومسلمان ہونے کے شبے میں دہشت گرد اوراسامہ بن لادن کہہ کربہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تشدد کا یہ غیر معمولی واقع امریکہ میں ستمبر 11 کے حملوں کی یاد میں منعقد ہونے والی تقاریب سے محض ایک روز قبل پیش آیا ہے۔
تشدد کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت اندرجیت سنگھ مکڑ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ایک بھارتی شہری ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے اسے گاڑی سے کھینچ کر نکالا، نسلی امتیاز پر مبنی نعرے لگائے اور اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ’’وطن واپس لوٹ جانے‘‘ کا کہا۔
اندرجیت سنگھ مکڑ ایک امریکی شہری ہیں اور دو بچوں کے باپ بھی ان کے ساتھ یہ واقع اس وقت پیش آیا جب وہ روز مرہ کی اشیا کی خریداری کے لئے ایک گروسری اسٹور کی جانب جارہے تھے۔
حملہ آوروں نے اندرجیت کو گاڑی سے اتارا اور ان کے منہ پر کئی مکے مارے جس کے سبب وہ ہوش کھو بیٹھے اوران کے منہ سے خون جاری ہوگیا، ان کے جبڑے کی ہڈی میں فریکچر آیا ہے اور گال بری طرح سے پھٹ گیا ہے۔
اندرجیت کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو فوری طبی امداد مہیا کی گئی جبکہ حملہ آورکو بھی پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔
امریکہ میں سکھ سنگھٹن کے لیگل ڈائریکٹر ہرسمران کور کا کہنا ہے کہ اندرجیت کو مذہبی وضع قطع، رنگ اور قومیت کی بنا پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔