لاہور : بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے 1583سکھ یاتریوں کا جتھا بذریعہ ٹرین پاکستان پہنچ گیا، واہگہ بارڈ ر پر چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے استقبال کیا، یاتریوں کا کہنا ہے کہ بابا گرونانک اور مسلم صوفیا کی تعلیمات پر عمل کرنے سے امن کا پرچار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سکھ گردوارا پربندک کمیٹی دہلی کے سینئر ممبر سردار بلوندر سنگھ اور سردار گروندر سنگھ کی قیادت میں بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کی پہلی ٹرین واہگہ ریلوے سٹیشن پہنچی تو چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور پاکستان سکھ گردوارا پربندک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے انکا استقبال کیا، آنے والے مہمانوں پر گلپاشی کی گئی۔
سکھ قوم کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے، صدیق الفاروق
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اور بالخصوص بابا گرونانک کو ماننے والی سکھ قوم کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے حکومت دنیا بھر اور خصوصا بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو ان کے پاکستان میں بیساکھی میلے کے دوران قیام میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت سے آئے سکھ گردورا بندک کمیٹی دہلی کے سینئر ممبر سردار بلوندر سنگھ نے کہا کہ گردوارا پنجا صاحب اور بابا گرونانک کا جنم استہان ننکانہ صاحب دنیا بھر میں موجود سکھوں کے لیے نہایت مقدس اور محترم مقام ہے اور ان مقامات کی دیکھ بھال اور یہاں آنے والے یاتریوں کی بے لوث خدمت پر وہ حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔
سکھ یاتری آج واہگہ بارڈر سے گردوارا پنجا صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں 14 تاریخ سے مرکزی تقریبات کا آغاز ہوگا، اس دوران یاتری گردورار کرتار سنگھ اور ننکانہ صاحب بھی جائیں گے جبکہ اپنے قیام کے آخری روز 20اپریل کو گورنر پنجاب کی جانب سے آنے وال یاتریوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔