جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

تازہ اور باسی سفید پاپلیٹ مچھلی (Silver pomfret) کی پہچان، صحت بخش فوائد اور مکمل معلومات

اشتہار

حیرت انگیز

فرید الحق حقی

مچھلیوں کی دنیا میں سفید پاپلیٹ سب سے مشہور اور مہنگی مچھلی ہے۔ اپنی خوب صورتی اور زبردست ذائقے کی وجہ سے سب ہی اسے جانتے ہیں۔ پاپلیٹ کھانے میں مکھن کی طرح نرم و ملائم ہے، لیکن اس کی لذت اور اصل ذائقہ تب ہی مل سکتا ہے جب یہ تازی کھائی جائے۔

بدقسمتی سے عوام کی مچھلیوں سے عدم دل چسپی کے باعث مچھلیوں کی خریداری میں دھوکے بازیاں بہت عام ہیں اور لوگ باسی مچھلیاں تازی کے بھاؤ خرید کر، اور سستی مچھلیاں مہنگی مچھلیوں کے ناموں سے خرید کر لٹ جاتے ہیں اور انھیں پتا بھی نہیں چلتا۔ ایسی مچھلیاں کھا کر ایک تو مزا نہیں آتا، دوسرا صارفین کا دل اس طرف سے کھٹا ہو جاتا ہے اور کچھ صارفین مچھلیاں خریدنے سے اجتناب کرنے لگتے ہیں۔

اس مضمون میں آپ سفید پاپلیٹ کی تازہ اور باسی کی پہچان، تازہ کہاں سے خریدی جائے؟ اس کے صحت بخش فوائد اور اس کے مکمل لائف سائیکل کے بارے میں جانیں گے۔

تعارف

سفید پاپلیٹ کو انگلش میں Silver pomfret کہتے ہیں، جب کہ انڈیا میں اسے ممبئ کے اطراف سفید پاپلیٹ کی بجائے صرف پاپلیٹ اور بنگال میں ’’روپ چندا‘‘ کہتے ہیں۔ یہ عربوں میں بھی بہت زیادہ پسند کی جاتی ہے اور عربی اسے ’’زبیدی‘‘ کہتے ہیں۔ زبیدی عربی کے لفظ ’’زبدہ‘‘ سے نکلا ہے جس کے معنی مکھن کے ہیں۔

چاندی والا سفید پاپلیٹ

مارکیٹ میں اس کی 2 قسمیں آتی ہیں۔

1. Silver pomfret

(Pampus argenteus)

2. Chinese Silver Pomfret

(Pampus chinensis)

چائنیز پاپلیٹ کو پاکستان میں ’’گبر پاپلیٹ‘‘ جب کہ انڈیا میں ’’کاپری‘‘ کہتے ہیں۔ مارکیٹ میں پاپلیٹ کی تیسری قسم Black Pomfret (Parastromateus niger) بھی آتی ہے۔ اسے پاکستان میں ’’کالا پاپلیٹ‘‘ جب کہ انڈیا میں ’’حلوہ‘‘ کہتے ہیں۔ لیکن کالے پاپلیٹ کا تعلق Carangidae فیملی سے جب کہ سفید پاپلیٹ کا Stromateidae فیملی سے ہے۔

عمر اور خوراک

سفید پاپلیٹ 5 سے 7 سال تک جی سکتی ہے، جب کہ وزن میں 4 سے 6 کلو تک بڑھ سکتی ہے، لیکن بہت زیادہ شکار کے باعث اس کی 1 کلو کے اور 1 کلو سے کم ہی کے دانے نظر آتے ہیں۔ یہ گوشت خور ہوتی ہیں اور بنیادی طور پر چھوٹی مچھلیوں، کرسٹیشینز (کیکڑے، جھینگے، لابسٹر وغیرہ) زو پلانکٹن (چھوٹے جان دار) اور سکوئیڈ کھاتی ہیں۔

گبر پاپلیٹ

جنسی پختگی کی عمر اور انڈوں کی تعداد

سفید پاپلیٹ اپنے جغرافیائی محل وقوع اور ماحولیاتی حالات کے لحاظ سے مختلف لمبائیوں اور عمروں میں جنسی پختگی کو پہنچتے ہیں۔ تاہم، عام طور پر یہ 28 سینٹی میٹر تک کی لمبائی میں مکمل طور پر پہلی بار جنسی پختگی کو پہنچتے ہیں، جس کی رینج 18 سینٹی میٹر سے شروع ہوتی ہے۔

ڈیپارٹمنٹ آف فش بائیو لوجی اینڈ بائیو ٹیکنالوجی فیکلٹی آف فشریز، چٹاکانگ بنگلا دیش، اور کوسٹل بائیو ڈائیورسٹی، مرین فشریز اینڈ وائلڈ لائف ریسرچ سینٹر بنگلا دیش کی تحقیق کے مطابق بنگلا دیش کے پانیوں میں سفید پاپلیٹ کی جنسی پختگی تک پہچنے کی لمبائی 18.82 سینٹی میٹر سے لے کر 35.73 سینٹی میٹر تک تھی اور وزن 89.26 گرام سے لے کر 617.60 گرام تھا۔ پختگی پر عمر تقریباً 1 سال تک کی ہوتی ہے، حالاں کہ ماحولیاتی عوامل اور مقامی سپوننگ سائیکل ان میٹرکس میں رد و بدل کر سکتے ہیں۔

سفید پاپلیٹ بیچز میں انڈے دیتی ہے۔ عام طور پر 1 کلو کی مادہ ایک بیچ میں 1,76,300 تک انڈے دیتی ہے اور یہ انڈے دینے کے ایک پورے سیزن میں تقریباً 6 بیچز میں انڈے دیتی ہے، اس طرح 1 سیزن میں ایک 1 کلو کی مادہ کل 10,58000 تک انڈے دیتی ہے۔ بڑی مادائیں چھوٹی ماداؤں سے زیادہ انڈے دیتی ہیں۔ ماداؤں کے انڈے دینے کے بعد نر ان انڈوں کی حفاظت کرتے ہیں اور انڈوں کے قریب اپنے پنکھ چلاتے ہوئے انھیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں اور تب تک انڈوں کی حفاظت کرتے ہیں جب تک ان انڈوں سے بچے نہ نکلیں۔

کیا سفید پاپلیٹ کی نسل خطرے سے دوچار ہے؟

حالاں کہ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کی ریڈ لسٹ میں سفید پاپلیٹ کی نسل خطرے سے دوچار کی حثیت سے درج نہیں ہے، تاہم کچھ علاقائی رپورٹس میں کچھ علاقوں میں جیسے انڈیا، کویت اور چین میں ضرورت سے زیادہ تجارتی ماہی گیری کی وجہ سے اس کی نسل میں کمی ہو رہی ہے اور اب اس کے زیادہ سے زیادہ 1 کلو اور 1 کلو سے کم ہی کے دانے پکڑے جاتے ہیں، حالاں کہ یہ وزن میں 4 سے 6 کلو تک پہنچ سکتی ہیں۔

سفید پاپلیٹ

حد سے زیادہ تجارتی ماہی گیری اس مچھلی کی کم پختگی کی شرح اور کم ہوتی ہوئی ابادی کو صاف ظاہر کرتی ہے۔ ڈیٹا کے مطابق سفید پاپلیٹ 28 سینٹی میٹر تک کی لمبائی میں جنسی پختگی تک پہنچتی ہیں اور وزن میں تقریباً 500 گرام تک ہوتی ہیں۔ یاد رہے کہ کم سے کم وزن وہ ہے جب ان کی جنسی پختگی شروع ہوتی ہے اور زیادہ سے زیادہ وزن وہ ہ ہے جب یہ اپنی فل میچیورٹی یعنی کہ اپنی پہلی مکمل جنسی پختگی تک پہنچ جاتی ہیں۔

کراچی فشری

کراچی فشری میں لائی جانے والی زیادہ تر پاپلیٹ اتنی چھوٹی ہوتی ہیں کہ 1 کلو میں 4 اور 6 دانے نکلتے ہیں، یعنی اس وزن میں جب یہ اپنے پہلی جنسی پختگی کو پہنچتی ہیں، یا پہنچنے والی ہوتی ہیں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اس عمر میں ہی انھیں فوراً شکار کر لیا جاتا ہے اور اس سے بھی زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ کراچی فشری اور مارکیٹوں میں سفید پاپلیٹ کی ایسی بڑی بڑی ڈھیریاں بھی جا بہ جا نظر آتی ہیں، جن میں اس مچھلی کا وزن 100 گرام اور 150 گرام تک ہوتا ہے، یعنی کہ انھیں جنسی پختگی تک پہچنے سے پہلے ہی شکار کر لیا جاتا ہے۔

سفید پاپلیٹ

متعلقہ ڈپارٹمنٹس کو اس پر فوراً نوٹس لے کر گورنمنٹ پر دباؤ ڈال کر 500 گرام سے کم وزن والی سفید پاپلیٹ کے پکڑنے پر پابندی لگانی چاہیے، ورنہ اس شان دار مخلوق کی نسل جو کہ انسانی صحت کے لیے بھی بہت زیادہ مفید ہے، دھیرے دھیرے ختم ہو جائے گی۔

تازہ اور باسی سفید پاپلیٹ کی پہچان

تازہ پاپلیٹ کو جب آپ اٹھا کر سر سے پکڑیں گے تو یہ مڑنے کی بجائے بالکل سیدھی رہے گی اور گوشت سخت ہوگا۔ اگر مچھلی لٹک جاتی ہے اور گوشت نرم ہے تو یہ باسی ہے۔

سفید پاپلیٹ

اس کے بدن پر چاندی ہوگی، اکثر برف لگنے سے چاندی اتر جاتی ہے، اس صورت میں گلپھڑوں کا پنکھ اٹھا کر دیکھیں چاندی ہوگی، اگر چاندی نہی ہے تو یہ باسی ہو چکی ہے۔ اس کے گلپھڑے دبانے پر اس میں سے سفید گاڑھا مواد نکلے گا، اگر مواد سفید کی بجائے لال یا کالا نکلتا ہے تو پھر یہ باسی مچھلی ہے۔

مچھلی فروشوں کی دھوکے بازیاں

نرم اور باسی پاپلیٹ کو مچھلی فروش سخت اور تازی بنانے کے لیے اسے کچھ گھنٹے یا 1 دن تک برف اور نمک کے پانی میں رکھتے ہیں۔ اس صورت میں پاپلیٹ کا بدن سخت اور کھال بالکل سفید ہو جاتی ہے، آپ سے اٹھا کر دیکھیں گے تو یہ بالکل سیدھی رہے گی اور سخت ہوگی۔ ایسی پاپلیٹ مچھلیوں کو فشری کی اصطلاح میں ’’چل واٹر مال‘‘ کہتے ہیں۔

اس کی پہچان یہ ہے کہ ایسی پاپلیٹ دھلی ہوئی، بالکل صاف و شفاف اور سفید نظر آئے گی، اس پر چاندی بالکل بھی نہیں ہوگی اور اس کے گلپھڑے دبانے پر اس میں سے ہلکا سا لال رنگ کا پانی نکلے گا۔

مچھلی فروش ’’گبر پاپلیٹ‘‘ کو بھی سفید پاپلیٹ کے نام سے فروخت کرتے ہیں۔ گبر سفید پاپلیٹ سے سستی ہوتی ہے، اس کے علاوہ مچھلی فروش ’’سوناب مچھلی‘‘ (Pompano fish) کی چھوٹی چھوٹی مچھلیاں (سوناب کے 100 اور 200 گرام کے بچے، جو کہ سفید پاپلیٹ کی طرح نظر آتے ہیں) بھی سفید پاپلیٹ کہہ کر بیچتے ہیں۔

کراچی میں تازہ کہاں ملے گی؟

کراچی فشری میں 2 مارکیٹیں لگتی ہیں۔ رات کی مارکیٹ کو ’’گجہ مارکیٹ‘‘ کہا جاتا ہے، اس میں زیادہ تر وہ مچھلیاں آتی ہیں، جو جال کے ذریعے شکار کی جاتی ہیں اور اس مارکیٹ میں ان لانچوں کی مچھلیاں آتی ہیں، جو لانچیں زیادہ تر مہینہ یا اس سے زیادہ تک سمندر میں شکار کرتی ہیں۔

دوسری مارکیٹ کو ’’ھیلہ مارکیٹ‘‘ کہتے ہیں۔ یہ مارکیٹ دوپہر 3 بجے سے مغرب تک لگتی ہے اور اس میں 1 سے 2 دن والی شکار کی ہوئی مچھلیاں آتی ہیں۔ یہ ایکسپورٹ کوالٹی کی مچھلیاں ہوتی ہیں، اور جال کی بجائے کانٹے سے شکار کی ہوئی ہوتی ہیں، اس لیے بالکل تازہ ہوتی ہیں اور ان کی قیمت بھی صبح کی مارکیٹ سے زیادہ ہوتی ہے۔

لیکن کچھ مچھلیاں جس میں سفید پاپلیٹ بھی شامل ہے، شام کی مارکیٹ کی بجائے صبح کی مارکیٹ میں تازہ ملتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ریڑی گوٹھ اور ابراھیم حیدری سے بھی تازہ مل جاتی ہے۔

قیمت

پاپلیٹ کی قیمت اس کے وزن کے حساب سے ہوتی ہے، مستقل ایکسپورٹ کیے جانے کی وجہ سے اس کی قیمتیں سارا سال زیادہ ہی رہتی ہیں۔ 1 کلو والے دانے کی قیمت تقریباً 7 ہزار روپے، آدھا کلو والے دانے کی تقریباً 5 ہزار، 1 کلو میں 4 دانے والی کی تقریباً 4 ہزار، 1 کلو میں 6 اور 8 دانے والی کی تقریباً 3 ہزار، اور 1 کلو میں 10 دانے والی مچھلی کی تقریباً ڈھائی ہزار روپے تک قیمت ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ قیمتیں مارکیٹ میں سپلائی اور ڈیمانڈ کے حساب سے کم زیادہ ہوتی رہتی ہیں۔

صحت بخش فوائد

لذیذ ذائقے اور خوب صورتی کے ساتھ ساتھ سفید پاپلیٹ صحت بخش فوائد سے بھی مالا مال ہے۔ کوئٹہ ویمن یونیورسٹی شعبہ زولوجی کے سردار بہادر خان، وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، فشریز ڈویلپمنٹ بورڈ کراچی پاکستان، انقرہ ترکی کی غازی یونیورسٹی، برونائی یونیورسٹی دارالسلام کی مشترکہ تحقیق جو کہ بلوچستان سے پکڑے گئے 40 سفید پاپلیٹ مچھلیوں کے نمونوں پر مشتمل تھی، کے مطابق پاپلیٹ کا گوشت انتہائی ہاضم ہوتا ہے جو کہ وٹامن اے، بی، بی 3، سی، ڈی، ای، اور وٹامن کے سے بھرپور ہوتا ہے۔

اس کا گوشت پروٹین سے بھرپور اور کیلوریز میں کم ہوتا ہے، مذکورہ ٹیم نے یہ بھی پایا کہ اس کا گوشت صحت مند جلد کو فروغ دینے میں بہت ہی زیادہ کار آمد ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے گوشت میں صحت بخش چربی جسے ’’پولی ان سیچوریٹڈ فیٹ‘‘ کہتے ہیں اور اومیگا تھری کی بھی اچھی مقدار ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس میں آئرن، کیلشیئم اور سیلینیم کی بھی اچھی مقدار ہوتی ہے۔ یہ وہ تمام ضروری وٹامنز ہیں جو کہ اگر مستقل بنیادوں پر لیے جائیں تو ایک فولادی و انتہائی صحت مند اور بیماریوں سے پاک وجود کو بہ خوبی و آسانی سے تشکیل دے سکتے ہیں۔

مرکری کی سطح

چین کے تین اداروں چائنا نیشنل آف شور آئل کارپوریشن (CNOOC) ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لمیٹڈ بیجنگ، کالج آف میرین لائف سائنسز اوشین یونیورسٹی آف چائنا چنگ ڈاؤ، اور میرین کاربن سنک ریسرچ سینٹر شیڈونگ نے چین کے تین ساحلی علاقوں Beibu Gulf, Haizhou Bay, Laizhou Bay میں مرکری کی جانچ کے لیے مشترکہ تحقیق کی تھی، اس کے مطابق ٹیم نے پایا کہ تینوں علاقوں میں پاپلیٹ میں مرکری کی الگ الگ سطح ریکارڈ کی گئی۔

سب سے کم سطح Haizhou Bay میں 0.012 ± 0.006 (mg/kg/dw) تھی جب کہ سب سے زیادہ مرکری Beibu Gulf میں 0.072 ± 0.026 (mg/kg/dw) ریکارڈ کی گئی۔ یہ مرکری اتنا کم ہے کہ سفید پاپلیٹ روز کھائی جا سکتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں