آپ جانتے ہیں کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ایک ایسی کتاب ہے جس میں انوکھے، منفرد اور عجیب و غریب کام اور کارناموں کا اندراج کیا جاتا ہے اور اسے انجام دینے والے کو باقاعدہ سند جاری کی جاتی ہے۔
یوں تو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سالانہ بنیادوں پر کئی ایسے نام اور کام شامل ہیں جو آج بھی دنیا میں اپنی طرز کا واحد اور ہر لحاظ سے منفرد کارنامہ ہیں، لیکن ان میں بعض ریکارڈ صرف عام دل چسپی کا باعث ہیں اور ہمارے لیے حیرت و تعجب کا سامان کرتے ہیں۔
یہ ورلڈ ریکارڈ ٹوٹتے بنتے رہتے ہیں اور ہم بھی ایسے ہی عالمی ریکارڈ کا تذکرہ کررہے ہیں، جو اپنی نوعیت کا کوئی انوکھا اور ہر لحاظ سے منفرد ریکارڈ تو نہیں، لیکن اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ یہ 2010ء کی بات ہے جب ایک پاکستانی نے چاندی کی انگوٹھی تیّار کرکے اس کتاب میں اپنا نام لکھوا لیا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کی سب سے بڑی چاندی کی انگوٹھی تیار کرنے پر لاہور کے رہائشی محمد امین سلیم کو ورلڈ ریکارڈ کی سند جاری کی تھی۔ منتظمین نے 24 دسمبر کو اعلان کیا کہ انھوں نے دنیا کی سب سے بڑی چاندی کی انگوٹھی تیّار کی ہے۔
محمدامین سلیم نے اسے Fragrance of Love کا نام دیا تھا۔
ان کی تیّار کردہ اس انگوٹھی کا وزن 71.68 کلو گرام تھا اور اس کا اندرونی قطر 85 سینٹی میٹر تھا یعنی یہ 2 فٹ 9 انچ کی تھی۔ اس انگوٹھی کو 97.83 فی صد خالص چاندی سے تیّار کیا گیا تھا۔