اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ کی گئی، جس میں ریسکیو اہل کاروں کا رسپانس ٹائم نوٹ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رات کے وقت رونما ہونے والے فرضی فضائی حادثے سے نمٹنے کی مشق کی گئی، جس میں رات کے آپریشن کے دوران ہوائی جہاز کریش ہونے کی منظر کشی کی گئی تھی۔
مشق میں سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ ہوئی، ایک گڑھے میں ایندھن جلا کر جائے حادثہ کی منظر کشی کی گئی، اور پھر فائر سیفٹی پیمانوں کے مطابق ریسپانس ٹائم کے ساتھ اس حادثے سے نمٹا گیا۔
مشق کے دوران ریسکیو آپریشن میں فرضی زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کے لیے ہنگامی طور پر جگہ کا انتخاب اور انتظامات کیے گئے۔
ایئرپورٹ منیجر کے مطابق جس وقت مشق کی گئی، اس وقت ایئرپورٹ پر جہازوں کی کوئی ٹیک آف یا لینڈنگ نہیں ہو رہی تھی، مشق میں ریسکیو اینڈ فائرفائٹنگ سروس (آر ایف ایف ایس) نے بھرپور شرکت کی، میڈیکل، ایئر سائیڈ، ویجیلنس اور ای اینڈ ایم عملے نے بھی حصہ لیا، جب کہ چیف فائر ریسکیو آفیسر نے آن سین کمانڈر کا کردار ادا کیا۔
ایئر پورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے ریسکیو اور فائر فائٹنگ عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، انھوں نے کہا رسپانس ٹائم قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔