کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان سے علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر اتحادی جماعتوں کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاق کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے جی ڈی اے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پر وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا، ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے، بے لگام کرپشن نے صوبے کے عوام کو غربت کی دَل دَل میں دھکیلا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی ترقی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، وزیراعظم عمران خان
انھوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا اور اپنی تجوریاں بھری گئیں، پی ٹی آئی منشور پر اتحادی جماعتوں نے لبیک کہا تھا، ہمیں اس منشور کو اب عملی جامہ پہنانا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوامی نمائندگان عوام کے مسائل کی نشان دہی اور ان کے حل میں متحرک کردار ادا کریں، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل میں ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔