کراچی : تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے فردوس شمیم نقوی کا نام فائنل کرلیا، اس منصب کیلئے حلیم عادل شیخ بھی امیدوار تھے، خرم شیر زمان اپوزیشن لیڈر کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن سندھ اسمبلی کی تقرری کیلئے تحریک انصاف کے ایم پی ایز کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے دو نام فائنل کیے گئے جس کیلئے ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ کےدرمیان مقابلہ تھا، ووٹنگ میں فردوس شمیم نقوی نے15ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل حلیم عادل شیخ 13ووٹ لے سکے۔
جیتنے والے امیدوار فردوس شمیم نقوی کا نام منظوری کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کو بھیجا جائے گا، اپوزیشن لیڈرکے نام کاحتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر تحریکِ انصاف کے ایم پی ایز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پی ٹی آئی ایم پی ایز کو حلیم عادل شیخ کا نام بطور اپوزیشن لیڈر منظور نہیں تھا۔