کراچی: سندھ اسمبلی میں کھلونا پستول کی تیاری اورخریدوفروخت پرپابندی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روزہونے والے اجلاس میں یہ قرار داد ایم کیو ایم کے سیف الدین خالد نے ایوان میں پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ ماہرین نفسیات نے کھلونا پستول کوبچوں کے لیے منفی اثرات کا حامل قراردیا ہے، کھلونا پستول سے کھیلنے والے بچوں کے ذہن پرتشدد اثرات لیتے ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کی تیاری اور فروخت پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے۔
قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے اس قرار داد پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے کھلونا پستول پرپابندی ضروری ہے، روزگار یا کسی اوربہانے سے کھلونا پستول پرپابندی نہ لگانا معاشرے کے لیے خطرناک ہوگا۔
پی ٹی آئی کے سید حفیظ الدین نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلونا پستول تو اپنی جگہ اصلی پستول پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔
اجلاس کے اختتام سے قبل ہی ایم کیو ایم نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کیخلاف قرار داد لانا چاہئے تو ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح تک کیلئے ملتوی کردیا۔