کراچی : سندھ حکومت نے ملزمان کےمقدمات ختم کرنے کے اختیارات بھی لے لئے، سندھ اسمبلی میں کرمنل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل دوہزار پندرہ منظور کرلیا گیا ہے، اب انسداد دہشت گردی عدالت سمیت کسی بھی عدالت میں زیر سماعت مقدمات کے ملزمان حکومت سندھ رہا کراسکے گی.
حکومت سندھ کسی بھی عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات ختم کر سکتی ہے، سائیں سرکار نے شور شرابہ، نعرے بازی اور شدید احتجاج کے باوجود کرمنل پراسیکیوشن سروس ترمیمی بل منظور کرلیا۔
ترمیمی بل کےمطابق مطابق اب حکومت انسداددہشت گردی سمیت کسی بھی مقدمےمیں مدعی ہوئی تو کیس واپس لے سکتی ہے پراسیکیویٹر جنرل مقدمہ ختم کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گا،تاہم عدالت سے اجازت لینا ضروری ہے۔
بل پیش ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے صدائے احتجاج بلند کیا۔
ایم کیوایم کے رہنماء خواجہ اظہارالحسن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کرپشن اور بدانتظامی چھپانے کیلئے بل منظور کیا گیا ہے، تحریک انصاف کےخرم شیرزمان نے کہا کہ صوبہ سندھ کسی کی جاگیر نہیں، اپوزیشن جماعتوں نے بل کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں احتجاج کا عندیہ دیا۔