کراچی : ناظم جوکھیو قتل کیس میں رکن سندھ اسمبلی جام اویس گہرام سمیت 8ملزمان پرفرد جرم عائد کردی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے رکن سندھ اسمبلی جام اویس گہرام سمیت 8ملزمان پرفرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے گواہان کو طلب کرلی اور کیس کی مزیدسماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ ملیر میمن گوٹھ تھانے میں درج ہے۔
خیال رہے ناظم جوکھیو قتل کیس کے مرکزی ملزم سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے تھے کہ رکن سندھ اسمبلی جام اویس جیل کے بجائے اسپتال میں داخل ہیں اور انہوں نے قید کا بڑا عرصہ جیل کے بجائے اسپتال میں ہی گزارا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ملیر میمن گوٹھ میں ناظم جوکھیو کو بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا، ورثا نے پی پی پی ایم این اے جام کریم، ایم پی اے جام اویس سمیت دیگر کو نامزد کیا تھا اور کیس میمن گوٹھ ملیر تھانے میں درج کرایا تھا۔
ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت چھ ملزمان گرفتار ہیں۔