اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

سندھ اسمبلی: آغا سراج درانی اسپیکر، ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں۔ آغا سراج نے دوسری بار اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

تفصیلات کے مطابق  آغا سراج درانی دوسری بار سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں،وہ 2013 سے 2018 کے عرصے میں بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں 75 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے۔

سندھ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی کا متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف سے مقابلہ  تھا. آغا سراج کو 96 ووٹ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے  جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے ہیں، تین ووٹ مسترد کیے گئے۔

- Advertisement -

 یاد رہے کہ انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا۔ دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کی ریحانہ لغاری اور تحریک انصاف کی رابعہ اظفر آمنے سامنے تھیں۔

ریحانہ لغاری نے 98 جبکہ رابعہ اظفر نے 59ووٹ حاصل کیے۔ اسمبلی میں کل 158 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔

حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 75 ، تحریک انصاف نے 23، ایم کیو ایم نے 16، جی ڈی اے نے 11 ، ٹی ایل پی نے 2 اور ایم ایم اے نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

 یاد رہے کہ سندھ اسمبلی آئین پاکستان کے آرٹیکل 106 کے تحت قائم کی گئی۔ اس ایوان کی 168 نشستیں ہیں جن میں سے 130 پر براہ راست انتخابات منعقد ہوتے ہیں جبکہ 38 نشستیں خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں۔

سندھ اسمبلی کا قیام سنہ 1937 میں عمل میں آیا تھا، اس کے پہلے اسپیکردیوان بوج سنگھ تھے جبکہ موجودہ اسپیکر آغا سراج درانی دوسری بار اس عہدے  کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں