کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے محرم کے موقع پر ہیلی کیم اڑانے پر پابندی عائد کردی اور خلاف ورزی پر دفعہ144کے تحت ایس ایچ او کو کارروائی کا اختیار تفویض کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے 10،9،8محرم کے موقع پر ہیلی کیم اڑانے پر پابندی عائد کردی ، اس حوالے سے آئی جی سندھ سمیت متعلقہ پولیس حکام کی رپورٹ پر حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے خلاف ورزی پردفعہ144کے تحت ایس ایچ او کو کارروائی کا اختیار تفویض کردیا ہے ، 9،8اور10کو مجالس اور بڑی تعداد میں جلوس ساؤتھ زون میں داخل ہوتے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت موجودہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے، جلوسوں اور مجالس کیلئے مربوط سیکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔
یاد رہے محکمہ داخلہ سندھ نے یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظر صوبے میں 13اور14اگست کو موٹرسائیکل ڈبل سواری پرپابندی کے احکامات جاری کیے تھے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 13 اگست کی رات بارہ بجے سے چودہ اگست کی رات 12 تک ہوگا۔ صحافیوں ، پولیس اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، بزرگ، 14 سال سے کم عمر بچوں اور خواتین کو ڈبل سواری سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے۔