سندھ کابینہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فوتی کوٹہ ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں آئندہ فوتی کوٹے پر بھرتی نہیں ہوگی، پہلے دوران ملازمت انتقال کے باعث فوتی کوٹے پر بھرتی کی جاتی تھی۔
دیہی آبادی کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کے قیام کی منطوری بھی دی گئی۔
سندھ کابینہ نے سندھ پیپلز رورل سوک سروسز کے قیام کی منطوری دی، وائس چانسلرز کے تقرر کے طریقہ کار میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
کابینہ نے یونیورسٹیز کے لیے وائس چانسلرز کے تقرر کے معیار میں تبدیلی کی منظوری دی، خود کار الیکٹرانک ویٹ مشینیں لگانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
تعلیمی بورڈز میں مسائل اور کوتاہیوں کو دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے، کابینہ نے سندھ آئی ٹی کمپنی کے قیام کے قواعد میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی۔
علاوہ ازیں سکھر آئی بی اے کے ساتھ جنرل اسکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے ایم او یو کی توسیع کردی گئی، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کو یقینی بنایا جائے گا۔