کراچی : سندھ کابینہ نے میڈیکل کالج امتحان کیلئے پاسنگ پرسنٹیج 65 سے کم کر کے 50 فیصد کرنے کی منظوری دے دی ، گزشتہ سال ٹیسٹ کی پاسنگ پرسنٹیج 60 فیصد رکھی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں میڈیکل کالج امتحان پاس کرنے کے لیے50 فیصد نمبر حاصل کرنے کی درخواست پر غور کیا گیا۔
سندھ کابینہ نے پاسنگ پرسنٹیج 65 سے کم کر کے 50 فیصد کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں محکمہ صحت نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا گزشتہ سال ایم ڈی سی اے ٹیسٹ کی پاسنگ پرسنٹیج 60 فیصد رکھی گئی جبکہ رواں سال پاسنگ پرسنٹیج یکطرفہ طور پر 65 فیصد کردی گئی۔
محکمہ صحت نے کہا گزشتہ سال 8287 یعنی 32.8 فیصد طلبا پاس ہوئے ، رواں سال 7797 یعنی 22.4 فیصد طلباپاس ہوئے، سندھ میں میڈیکل کی کل سیٹس 5490 ہیں۔
سندھ کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال 60 فیصد ہونے کی وجہ سے 8287 اسٹوڈنٹس پاس ہوئے ، 2900 بچوں نے حکومتی تعلیمی اداروں میں داخلہ لیا، باقی 5387 اسٹوڈنٹس میں سے 800 اسٹوڈنٹس نے پرائیوٹ داخلہ حاصل کیا جبکہ باقی بچے ہوئے 4587 طلباکہیں بھی داخلہ نہیں لے سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا 1800نشستیں خالی رہ گئیں ،نجی اداروں نےدیگرصوبوں کے 1300 طلبا کوداخلہ دیا، 492 سیٹس ابھی تک خالی رہیں، یہ ٹرینڈ رہا تو آئندہ 5 سال میں 10ہزار ڈاکٹروں کی کمی ہوجائے گی۔