کراچی: سندھ کابینہ کے چار نئے وزرا نے حلف اٹھالیا،گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنرہاؤس میں وزرا سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق حلف لینے والوں میں جام خان شورو،ساجد جوکھیو، گیان چندایسرانی اور ضیا عباس شاہ شامل ہیں، بعد ازاں حلف اٹھانے والے وزرا کے محکموں کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی،ضیاعباس شاہ کو محکمہ ورکس اینڈسروسز دیاگیا،گیان چند اسرانی کو محکمہ اقلیتی امور اور ساجدجوکھیو کو محکمہ سوشل ویلفیئرکا محکمہ تفویض کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کےنئےمشیروں کا اعلان
نئے وزرا کی حلف برداری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کے پندرہ معاونین خصوصی کی تقرری کانوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا، وقارمہدی کو سیاسی امور،قاسم نوید کوپبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی ذمے داری سونپی گئی،بنگال مہر کو محکمہ جنگلات اوراینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ، تنزیلا ام حبیبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی،ارباب لطف اللہ کو محکمہ اسپورٹس،لیاقت علی آسکانی کو کچی آبادی اور سریندرولاسائی کومحکمہ انسانی حقوق سونپ دیاگیا۔
اسی طرح صادق علی میمن کو محکمہ خصوصی افراد،پارس ڈیرو کو محکمہ امورنوجوان ،علی احمد جان کو ضلع غربی ،آصف خان کو ضلع کیماڑی ،سلمان عبداللہ مراد کو ضلع ملیر،اقبال ساند ضلع ایسٹ ،صغیرقریشی کوحیدرآباد شہر اور ارسلان اسلام شیخ کوسکھرشہرکےامورسونپے گئے۔