کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا اور واٹر بورڈ کو اپنے انتظامی نظام بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت واٹر بورڈ کا اجلاس ہوا ، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی کو ایک ہزارایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے جبکہ کراچی کو پانی کی فراہمی 580 ایم جی ڈی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ کراچی میں بچھائی ہوئی لائن بہت پرانی ہے، لائنیں پرانی ہونےکےباعث پانی ضائع ہوتا ہے، کچھ علاقوں میں کافی دنوں کے بعد پانی مہیا کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں پرانی واٹر سپلائی لائنیں تبدیل کرنی ہوں گی ، 406 ایم جی ڈی پانی کی تقسیم منصفانہ ہونی چاہیے ،65 ایم جی ڈی واٹر سپلائی اسکیم 9.1 بلین روپے کی اسکیم جاری ہے۔
مراد علی شاہ نے اسکیم پر کام تیز کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا اسکیم پر کام سست روی کا شکار ہے اس کو تیز کریں، کے ڈبلیو ایس بی کو اپنے ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے، شہر کے ہر علاقے کو پانی ملنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے واٹر بورڈ کو اپنے انتظامی نظام بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔