کراچی : محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اسکولوں کو کورونا سے متعلق احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12سال سے کم عمر 50 فیصد طالبعلموں کو بلانے کی اجازت ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے این سی اوسی کی ہدایت کے مطابق احکامات جاری کردیئے ہیں ، جس میں تمام اسکولوں کو احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 12 سال سے کم عمر 50 فیصد طالبعلموں کو بلانے اور 12سال سے زائدعمرمکمل ویکسینیٹڈ طالبعلموں کو بلانے کی اجازت ہے۔
گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پابندیاں عائد کی تھیں ، جس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ 10 فیصد سے زائدشرح والے شہروں میں اسکولوں میں 50فیصد بچوں کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 10فیصد سے زائدشرح پر 12سال سےکم بچوں کی نصف تعداد اسکول جاسکےگی جبکہ 12 سال سے زائد عمر100 فیصد طلبا اسکول آئیں گے۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھرپور کورونا ٹیسٹنگ آئندہ 2ہفتے ہو گی جبکہ بلند شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بند رکھے جائیں گے۔
این سی اوسی نے 12سال سے زائد عمر طلبا کی کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا 12سال سے زائد عمر کے طلباکی ویکسینیشن کا آغاز یکم فروری سے ہو گا۔