کراچی : حکومت سندھ نے اسکولوں کی موسم گرما میں ہونے والی تعطیلات میں توسیع کردی، عام انتخابات کے باعث چھٹیوں کا دورانیہ سولہ روز بڑھا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے25جولائی کے ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں مزید اضافہ کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ نے تعطیلات میں اضافے کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کا دورانیہ16روز بڑھا دیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ الیکشن کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ الیکشن ڈیوٹی پر بھی ہیں اس کے علاوہ نجی وسرکاری اسکولز میں پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال حکومت سندھ نے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت ہی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، اور امسال بھی گرمی کی شدت کے باعث سالانہ تعطیلات یکم رمضان سے16جولائی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں اب اضافہ کردیا گیا ہے۔