کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو ماسک کی پابند کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر اسکولوں کی مانیٹرنگ کا انتظام کیاگیا ہے،ٹیمیں اسکولوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے بچوں کو ماسک کی پابندی کرائیں،وبا سے محفوظ رہنے کے لیے والدین کا تعاون ضروری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی ٹیمیں تعلیمی اداروں کا وزٹ کریں گی،ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے وہ وزٹ میں اپنا رویہ نرم رکھیں، تعلیمی ادارے فاصلہ قائم رکھنے کے لیے اپنا نظام بناسکتے ہیں۔
انہوں نے پروگرام باخبر سویرا میں کفتگو کے دوران مزید کہا کہ 2 ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیں گے پھر پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔
ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری اسکول کے بچے اسکول جائیں گے۔