کراچی: وزیر تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی من مانی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا، انھوں نے کہا کہ پیر سے ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے نجی اسکولوں کی من مانی کے خلاف پیر سے بھرپور کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اسکول فیسوں پر عمل کیا جائے، کچھ اسکول ایسے ہیں جو ہدایت پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔
سردار شاہ کا کہنا تھا کہ جن نجی اسکولوں میں سندھی مضمون نہیں پڑھایا جائے گا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: نجی اسکولوں کو جوناور جولائی کی فیس ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا گیا
انھوں نے کہا کہ اسکولوں کو 2 نوٹس بھیجے جائیں گے، اس کے بعد اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے، پیر سے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیں گے۔
یاد رہے کہ 8 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو ایک ماہ سے زائد پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا، عدالت نے دو دو تین تین مہینے کی اکٹھی فیس مانگنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا آپ لوگ تو ٹیکس کے محکمے سے بھی آگے نکل گئے ہیں، ابھی نرمی سے کام لے رہے ہیں سختی پر مجبور نہ کریں۔